Upload Date: 22-Nov-2023
خیبرپختونخوا کے نگران صوبائی وزیر برائے آبنوشی وبلدیات انجینئر عامر ندیم درانی نے آج بروز بدھ بلک واٹر سپلائی شکر درہ اوررحمان آباد کوہاٹ کا دورہ کیا۔سیکرٹری پی ایچ ای شاہد سھیل خان،ایکسیئن فیصل نعمان،ایکسیئن پی ایچ ای کرک انجینئر افتخار احمد اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر انجینئر سلیم برگ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی صوبائی وزیر کے ہمرا تھے۔ واضح رہے کہ اس میگا پراجیکٹ کی کل تخمینہ لاگت 2085 ملین ہے جوکہ مالی سال 201718 میں شروع ہو ااورجس سے مجموعی طورپر تقریباً ایک لاکھ آبادی کو پینے کا صاف پانی گھروں کی دہلیز پر فراہم ہوگا۔ منصوبے کے مرکز ی پائپ لائن کی لمبائی تقریباً 60 کلومیٹر ہے۔ منصوبے کے کل 8 سولرائزڈ ڈسٹریبیوشن پوائنٹس ہیں اوراس میگا پراجیکٹ کی تکمیل آئندہ جون2024 تک متوقع ہے۔ مختلف ڈسٹریبیوشن پوائنٹس کے دور ہ کے موقع پر متعلقہ ایکیسئن نے نگران صوبائی وزیر کو منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ آخر میں رحمان آباد سورس پمپنگ سٹیشن میں مقامی لوگوں نے صوبائی وزیر کا پرتباک استقبال کیا اورمنصوبے سے متعلق عوام کی ضروریات سے انہیں آگاہ کیا۔ نگران صوبائی وزیر نے اس موقع پر موجود لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے یقین دلایا کہ یہ ایک میگا پراجیکٹ ہے اوراس پر علاقے کے تمام لوگوں کا برابر حق ہے جس سے انہیں کسی صورت محروم نہیں رکھا جائیگا۔ علاوہ ازیں نگران صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ حکومت عوام کو پانی جیسے بنیادی نعمت کی فراہمی کیلئے اس منصوبے پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔لہٰذا اس کی بروقت تکمیل متعلقہ افسران کی اہم ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر نے مختلف ڈسٹریبیوشن پوائنٹس پر پودے بھی لگائے۔